مون سون بارشوں، گلیشیئر پگھلنے سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ

07-22-2025

(لاہور نیوز) مون سون بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہونے لگا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ دریائے راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے۔ دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، خانکی کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 40 ہزار جبکہ اخراج 3 لاکھ 20 ہزار کیوسک ہے۔   پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ، قادر آباد اور تریموں کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے، کالا باغ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 32 ہزار جبکہ اخراج 3 لاکھ 24 ہزار کیوسک ہے ۔ تونسہ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 63 ہزار جبکہ اخراج 3 لاکھ 57 ہزار کیوسک ہے ۔  مزید بتایا گیا کہ تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے۔ چشمہ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 40 ہزار اور اخراج 3 لاکھ 20 ہزار ہے۔  22سے 24 جولائی کے دوران پنجاب کے بڑے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر ولنرایبل اضلاع میں انتظامات مکمل ہیں، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 50 فیصد، تربیلا میں 79 فیصد ہے، ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 36 فیصد تک ہے۔