ٹولنٹن مارکیٹ میں فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، 2,270 کلو بیمار مرغیاں تلف
07-22-2025
(لاہور نیوز) ٹولنٹن مارکیٹ میں فوڈ اتھارٹی نے علی الصبح ایک بڑا کریک ڈاؤن کیا جس کے دوران 2,270 کلو بیمار مرغیاں تلف کر دی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر یہ کارروائی کی گئی جس کے دوران مارکیٹ میں موجود گوشت اور مرغیوں کی تفصیلی چیکنگ کی گئی، ناکہ بندی کے ذریعے 89,000 کلو گوشت کی جانچ پڑتال کی گئی اور 25 میٹ گوداموں اور سپلائرز کی بھی چیکنگ کی گئی، قوانین کی خلاف ورزیوں پر 3 سپلائرز کو جرمانے کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے اس کریک ڈاؤن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلف کی جانے والی مرغیاں نزلہ، کم وزن اور مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں، ان مرغیوں کا گوشت تیار کرنا سنگین جرم ہے اور یہ عمل عوام کی صحت کیلئے خطرناک ہو سکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیمار مرغیوں کو ٹولنٹن مارکیٹ کی مختلف دکانوں پر سپلائی کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی لیکن بروقت کارروائی کے ذریعے ان کو تلف کر دیا گیا، ویٹرنری سپیشلسٹ نے ان مرغیوں کا تفصیلی معائنہ بھی کیا جس کے بعد ان کی صحت کی حالت مزید واضح ہو گئی۔ عاصم جاوید نے بتایا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں سپلائرز، گوشت اور مرغیوں کی کڑی نگرانی کا عمل جاری ہے، فوڈ اتھارٹی بین الاقوامی معیار کے مطابق گوشت کی تیاری اور ترسیل کے نظام پر کام کر رہی ہے تاکہ جعلساز مافیا کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔