شہری پی ایچ اے کی فری پودا مہم سے گھروں پر پودے منگوانے لگے
07-22-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر سرپرستی پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کی "کال ملائیں، پودا گھر لگوائیں" مہم نے شجرکاری کے فروغ اور ماحولیاتی بہتری کیلئے نیا سنگ میل عبور کر لیا۔
شہری اب ایک کال کے ذریعے اپنے گھروں پر فری پودے منگوا سکتے ہیں، جس سے پورے لاہور سمیت صوبہ بھر میں شجرکاری کی نئی لہر پیدا ہو رہی ہے۔ پی ایچ اے کی فری پودا مہم کے تحت شہری 17 مختلف اقسام کے پھل دار پودے اپنے گھروں پر حاصل کر سکتے ہیں، یہ پودے بغیر کسی قیمت کے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ڈی جی پی ایچ اے لاہور نے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کو مہم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ مہم کے پہلے دن تقریباً 1000 سے زائد پودے مختلف علاقوں میں پہنچائے گئے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے بتایا کہ مہم کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کیلئے فوڈ ڈلیوری اور کوریئر کمپنیوں کو بھی اس پراجیکٹ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ پودوں کی ترسیل مزید آسان اور تیز ہو سکے۔