حمیرا اصغر کی موت کے بعد اس کا فون کون استعمال کرتا رہا؟ نئے انکشافات
07-22-2025
(لاہور نیوز) اداکارہ حمیرا اصغر کی پر اسرار موت کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے میڈیکل رپورٹس حاصل کر لی جبکہ حمیرا کے میک اپ آرٹسٹ کے دیئے گئے بیان پر بھی کام کیا جا رہا ہے، پولیس کو اب تک ایک موبائل فون نہیں ملا، جو حمیرا اصغر کے استعمال میں تھا۔ تفتیشی حکام نے بتایا کہ فارنزک اور ڈی این اے کی ایک مکمل رپورٹ تیار کی جارہی ہے، رپورٹ میں موت کو طبی قرار دیا گیا ہے، حمیرا اصغر کے میک اپ آرٹسٹ کے دیئے گئے بیان کو بھی باریک بینی سے دیکھا جا رہا ہے۔ حمیرا کے میک اپ آرٹسٹ کا کہنا ہے کہ حمیرا کے موبائل فون کا لاسٹ سین 5 فروری 2025 تک نظر آرہا تھا، واٹس ایپ پر لاسٹ سین کی تاریخ 7 اکتوبر 2024 تھی، 5 فروری تک حمیرا اصغر کے واٹس ایپ پر ڈی پی بھی شو ہو رہی تھی، ڈی پی ہٹ جانا اور لاسٹ سین غائب ہونا موبائل استعمال کئے بغیر ممکن نہیں۔ تفتیشی حکام نے یہ بھی بتایا کہ حمیرا اصغر کا ایک موبائل فون ابھی بھی غائب ہے، حمیرا اصغر کے غائب شدہ موبائل فون کی تلاش جاری ہے کیس سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔