مون سون بارشیں: 24 گھنٹے میں مزید 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی
07-22-2025
(لاہور نیوز) ملک میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 5 افراد جاں بحق ، 10 زخمی ہوگئے، اموات کی مجموعی تعداد 221 ہوگئی۔
این ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 135 ہوئیں ، 470 افراد زخمی ہوئے، خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث 40 افراد جان کی بازی ہار بیٹھے۔ جاری کردہ رپورٹ میں مزیدبتایا گیا کہ سندھ میں سیلابی ریلوں کی زد میں آکر 22 شہری جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے، بلوچستان میں 16 افراد جاں بحق ہوئے، اسلام آباد میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ واضح رہے کہ دریائے سند ھ میں کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا، ہندال والہ، شیخانوالی سمیت متعدد نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا، سیلاب کے باعث فصلیں متاثر ہوگئیں، کندیاں کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوگیا، چشمہ بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب آگیا، کچے کے علاقے متاثر ہوئے، فصلوں کو نقصان پہنچا۔ دریائے جہلم میں جھنگ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہوگئی، 20 دیہات زیر آب آگئے، دریائے سندھ کا لیہ کے مختلف علاقوں میں کٹاؤ جاری رہا، لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔