پنجاب میں منشیات ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

07-21-2025

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق انسدادِ منشیات فورس کو مکمل تربیت دے دی گئی ہے، جس میں حساس ادارے کے 500 سے زائد افسران و اہلکار شامل ہیں، یہ فورس آئندہ دو روز میں فیلڈ میں آپریشنل ہو جائے گی۔ نئی فورس "سی سی ڈی" طرز پر کام کرے گی اور اسے منشیات کے خلاف آزادانہ آپریشنز، مقدمات کے اندراج اور تفتیش کا اختیار حاصل ہو گا، انسداد منشیات فورس ڈرگ ڈیلرز کے خلاف ازخود مقدمات درج کر سکے گی۔ ذرائع کے مطابق فورس کو جدید انٹیلی جنس سسٹم اور آلات سے لیس کیا جا رہا ہے، جبکہ پولیس اور دیگر ادارے بھی معاونت فراہم کریں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد منشیات کی خرید و فروخت اور سپلائی کا مستقل خاتمہ ہے۔