مون سون کا چوتھا سپیل: پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی

07-21-2025

(لاہور نیوز) پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے باعث آج سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان  نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہے گا اور گزشتہ بارشوں کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہو گا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس کے علاوہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ پنجاب کے جنوبی علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، علاوہ ازیں دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 20 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے، جب کہ تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ انتظامیہ ہائی الرٹ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل  نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دریاؤں اور ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں، بشمول واسا، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا فوری طور پر بندوبست کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ مشینری اور عملے کی تعیناتی پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل  نے تمام چوکنگ پوائنٹس پر مشینری اور عملے کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی تاکید کی ہے، انہوں نے کہا کہ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو فعال رکھا جائے اور جنریٹرز کا بیک اپ بھی فراہم کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر اقدامات کئے جا سکیں۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سیلابی علاقوں سے دور رہیں۔