بیشتردریاؤں اوربیراجز میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے: پی ڈی ایم اے
07-20-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے کی طرف سے مون سون فیکٹ شیٹ جاری کر دی گئی۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے کسی بھی شہر میں بارش ریکارڈ نہیں ہوئی، رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 135 شہری جاں بحق ہوئے، 156گھر متاثر اور 479 شہری زخمی ہوئے،زیادہ اموات کچے مکانات،خستہ عمارتوں اور چھتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ آسمانی بجلی گرنے، کرنٹ لگنے اور دریاؤں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے سے بھی اموات رپورٹ ہوئیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ آج شام سے شروع ہو گا، پنجاب کے بیشتر دریاؤں اور بیراجز میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، منگلا ڈیم میں 49 فیصد جبکہ تربیلا میں 79 فیصد پانی موجود ہے۔ عرفان علی کاٹھیا نے مزید بتایا کہ انڈین ڈیمز میں پانی کی سطح تقریباً 34 تک فیصد ہے، پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، دریائے سندھ میں تربیلا چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کے انتظامات مکمل ہیں، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں مون سون بارشوں سےاربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ، بڑے شہروں کی انتظامیہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہے۔