مریم نواز کی بارش میں شہریوں کیلئے ہیلی کاپٹر، ڈرون، کشتیاں استعمال کرنے پر اہلکاروں کو شاباش

07-18-2025

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو1122، پولیس اور دیگر اداروں کو برسات کے موسم میں عوام کی جانوں کے تحفظ کیلئے اچھی کوششیں کرنے پر شاباش دی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کے صوبائی ادارہ پی ڈی ایم اے  کا وزٹ کیا اور وہاں برساتی پانی میں پھنسےافراد تک لائف جیکٹ پہنچانے کیلئے سپیشل ڈرون کی پرفارمنس کا مشاہدہ کیا۔ مریم نواز  نے اس بات پر اطمینان کا ظہار کیا کہ چکوال، راولپنڈی میں جمعرات کے روز بارش کے پانی میں پھنسے شہریوں کی مدد کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال کئے گئے اور شہریوں کو حفاظت کے ساتھ پانی سے نکال پر محفوظ جگہوں پر پہنچا دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور ضلعی انتظامیہ کو حالیہ برسات کے دوران آؤٹ سٹینڈنگ پرفارمنس پر خاص طور سے شاباش دی اورریسکیو ون ون ٹو ٹو، واسا  اور دیگر صوبائی اداروں کی مثالی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو عوام کی مدد اور تحفظ کے لئے جس چیز کی ضرورت ہو گی وہ بروقت ملے گی، عوام کی جانوں کے تحفظ  اور سہولت کیلئے اب تک کی پرفارمنس  کو برسات کے آخر تک برقرار رہنا چاہئے۔ مریم نواز  نے متعلقہ حکام سے برسات کی صورتحال اور اب تک اداروں کی کارکردگی پر مسلسل تین گھنٹے میٹنگ کی، پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم کا بھی وزٹ کیا اور وہاں کوآرڈینیشن کا کام کرنیوالے مختلف محکموں کےنمائندوں سے الگ الگ گفتگو کی اور ان کے اداروں کے کام کے متعلق براہ راست آگاہی حاصل کی۔