موسلادھار بارش، لاہور ریلوے سٹیشن بھی پانی میں ڈوب گیا
07-18-2025
(لاہور نیوز) مون سون سسٹم کے تحت لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ ریلوے سٹیشن بھی پانی میں ڈوب گیا۔
لاہور ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر دو اور چار کا ریلوے ٹریک پانی میں ڈوب گیا، مختلف ٹریک پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا۔ مختلف ٹرینوں میں سوار ہونے کے لیے آئے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر میں بارش کے پیش نظر واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، بلدیہ عظمیٰ اور محکمہ ہاؤسنگ کے افسران و ملازمین کو الرٹ کر دیا گیا۔ واسا لاہور کی طرف سے اب تک جیل روڈ پر 6.76 ملی میٹر، گلبرگ میں 9، لکشمی چوک میں 18، اپر مال میں 10، مغلپورہ میں 16، تاجپورہ میں 40، نشتر ٹاون میں 21، چوک نا خدا میں 63 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ پانی والا تالاب میں 19، فرخ آباد میں 18، گلشن راوی میں 5، اقبال ٹاؤن میں 6، سمن آباد میں 4، جوہر ٹاون میں 19 اور قرطبہ چوک میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور بھر میں اب تک ایوریج 16.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔