ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال، ریلوے مسافروں کی تعداد میں کمی
07-18-2025
(لاہور نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں جاری شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث پاکستان ریلوے کو نہ صرف آپریشنل مشکلات کا سامنا ہے بلکہ مسافروں کی تعداد میں بھی واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ریلوے انتظامیہ نے لاہور سے کراچی براستہ فیصل آباد جانے والی شاہ حسین ایکسپریس کو عارضی طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے، ترجمان ریلوے کے مطابق خراب موسم اور متاثرہ ریلوے ٹریکس کے پیش نظر یہ فیصلہ مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو متبادل انتظام کے تحت گرین لائن ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے، تاکہ ان کی منزل تک رسائی ممکن ہو سکے۔ فیصل آباد سے بکنگ کروانے والے کئی مسافروں کو اس فیصلے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بعض مسافروں نے شکایت کی کہ انہیں بروقت اطلاع نہیں دی گئی، جس کے باعث نہ صرف وقت کا ضیاع ہوا بلکہ سفری منصوبے بھی متاثر ہوئے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، اور جیسے ہی موسم بہتر ہو گا اور ٹریکس محفوظ قرار دیئے جائیں گے، منسوخ کی گئی ٹرین سروس دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔