صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا، لاکھوں شہری مستفید
07-18-2025
(لاہور نیوز) صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل تیزی سے جاری ہے اور گزشتہ دو ہفتوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنسنگ سہولیات سے مجموعی طور پر چار لاکھ تیرہ ہزار سے زائد شہری مستفید ہوئے ہیں۔ دو ہفتوں کے دوران ایک لاکھ پینتیس ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کئے جبکہ ایک لاکھ بتیس ہزار سے زائد افراد کو باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ تینتالیس ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لرننگ اور ریگولر لائسنس کی تجدید کروائی، بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کئے گئے جن کی تعداد تین ہزار تین سو سے زائد ہے۔ اسی دوران اکہتر ہزار پانچ سو سے زائد شہریوں نے گھر بیٹھے جدید آن لائن لائسنسنگ پورٹل کے ذریعے سہولت حاصل کی۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ صوبہ بھر میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ سے گریز کریں اور دستیاب جدید سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فوری طور پر لائسنس بنوائیں۔