شہر میں گرانفروشوں کا راج، روزمرہ اشیا کی قیمتیں بے لگام

07-18-2025

(لاہور نیوز) لاہور میں مہنگائی نے عوام کو شدید پریشان کر رکھا ہے، برائلر گوشت کی قیمتوں میں مسلسل عدم استحکام کے باعث عوام کو کوئی ریلیف نہ مل سکا۔

مرغی کا گوشت فی کلو 595 روپے پر مستحکم رہا جبکہ زندہ برائلر کا ہول سیل ریٹ 397 روپے اور پرچون میں 411 روپے فی کلو مقرر کیا گیا۔ ادھر انڈوں کی قیمت میں بھی ایک روپے اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد فی درجن انڈے 261 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ پیٹی کی قیمت 7 ہزار 710 روپے تک جا پہنچی ہے۔ شہر کی سبزی و پھل منڈیوں میں بھی گراں فروشی عروج پر ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں من مانا اضافہ جاری ہے، مختلف سبزیاں اور پھل مہنگے فروخت ہو رہے ہیں۔ سبزیوں میں پیاز 70، ٹماٹر 160، لہسن 350، ادرک 550، سبز مرچ 200، لیموں 380 روپے فی کلو، ٹینڈے 400، آلو 140، بینگن و پھول گوبھی 220، کریلے 240، شلجم 150، بھنڈی 280، شملہ مرچ 200 روپے فی کلو مل رہے ہیں۔ پھلوں میں کیلا 250 روپے درجن، سیب 650، پپیتا 500، گرما 200، آڑو و خوبانی 380، آم 320 روپے فی کلو مل رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے نرخوں پر کوئی مؤثر کنٹرول نظر نہیں آ رہا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گرانفروش من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، عوام  نے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔