جمعۃ المبارک: لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

07-18-2025

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت جاری کر دی۔

 آئی جی پنجاب نے مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور دیگر اہم مقامات پر سکیورٹی یقینی بنانے کی تاکید کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ منبر و محراب کا معاشرے کی اصلاح اور انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ہے، لہٰذا پولیس افسران اپنی ذمہ داری کو عبادت سمجھ کر ادا کریں۔ انہوں نے ڈی پی اوز اور دیگر افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں کی مساجد کا دورہ کریں اور نماز جمعہ کے بعد شہریوں کے مسائل براہ راست سنیں۔ ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مساجد کی افادیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور سینئر پولیس افسران کو چاہیے کہ وہ شہریوں کے گھر کی دہلیز پر جا کر ان کے مسائل سنیں اور فوری حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو پولیس کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں آگاہی دی جائے تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط ہو۔