راوی پل:تیزرفتار ٹرک کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں،شیر خوار بچہ جاں بحق

07-18-2025

(لاہور نیوز) راوی پل پر تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں ماں اور چھ ماہ کا شیر خوار بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، باپ شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 23 سالہ ارم اور اس کے چھ ماہ کے بیٹے عمر کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے کے وقت عدنان اپنی بیوی ارم اور بیٹے عمر کے ہمراہ موٹرسائیکل پر بتی چوک کی جانب جا رہا تھا کہ اچانک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ جائے وقوعہ پر پہنچ کر پولیس نے لاشیں تحویل میں لے لیں اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹرک ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔