سیف جیل منصوبے کیلئے فنڈز منظور، جدید کیمرے نصب ہوں گے
07-17-2025
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے سیف جیل منصوبے کیلئے فنڈز منظور کر لئے۔
منصوبے کے تحت 12 ہزار سے زائد جدید نگرانی کے کیمرے نصب کئے جائیں گے، منصوبے کیلئے 5 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کر دی گئی ہے۔ یہ منظوری سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئی، جس میں محکمہ داخلہ اور جیل خانہ جات کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ "سیف جیل" منصوبے کے تحت پنجاب بھر کی جیلوں میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سکیورٹی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، اس نظام میں باڈی کیمرے، پبلک ایڈریس سسٹم، ایکسس کنٹرول سسٹم اور پینک بٹن جیسے اہم سکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے۔ حکام کے مطابق جدید کیمروں کی تنصیب سے جیلوں میں قیدیوں اور عملے کی سرگرمیوں پر 24 گھنٹے نظر رکھی جا سکے گی، جبکہ باڈی کیمروں کے ذریعے جیل اہلکاروں کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ پبلک ایڈریس سسٹم کے ذریعے ہنگامی صورتِ حال میں فوری پیغام رسانی ممکن ہو گی، اور ایکسس کنٹرول سسٹم سے صرف مجاز افراد کو مخصوص مقامات تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پینک بٹنز ایسے مقامات پر نصب کئے جائیں گے جہاں ہنگامی صورت حال میں فوری الرٹ جاری کرنا ضروری ہو، یہ نظام جیلوں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے فوری طور پر نمٹنے میں مدد فراہم کرے گا۔