محکمہ تحفظ ماحولیات کی کارروائیاں، غیر زگ زیگ بھٹے مسمار
07-16-2025
(لاہور نیوز) محکمہ تحفظ ماحولیات نے فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے کارروائیاں کرتے ہوئے غیر زگ زیگ بھٹے مسمار کر دیئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں صاف اور شفاف ماحول یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات جاری ہیں، محکمہ تحفظ ماحولیات نے 7 سے 11 جولائی 2025 کے دوران اینٹوں کے بھٹوں، صنعتی یونٹس اور دیگر آلودگی کے ذرائع کے خلاف سخت کارروائیاں کیں۔ اس دوران 20 غیر قانونی اینٹوں کے بھٹے مسمار کئے گئے جبکہ 36 بھٹوں کو سیل کیا گیا، ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر بھٹہ مالکان کے خلاف 40 ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 15 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ صنعتی آلودگی کے خلاف 787 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 28 کو سیل اور 4 کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ محکمہ تحفظ ماحولیات نے ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف بھی مہم جاری رکھی ہے، جس میں 11 جولائی تک 3055 شہریوں نے ماحول دوست طرز زندگی اپنانے کا عزم ظاہر کیا۔ اس کے علاوہ فضائی اور آبی آلودگی کی نگرانی کیلئے 52 ویسٹ واٹر اور 5 سرفیس واٹر سیمپلز جمع کئے گئے اور 17 اہم سٹیک ایمیشنز کی جانچ کی گئی۔ گاڑیوں کے ایگزاسٹ دھوئیں کی جانچ کا عمل بھی تیز کیا گیا جس میں 5124 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا اور قانون شکنی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، 24 پٹرول پمپس کا بھی معائنہ ہوا، جہاں 45 فیول سیمپلز میں سے 6 غیر معیاری قرار پائے۔ پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے 61 سروس سٹیشنز پر واٹر ریسائیکلنگ سسٹمز نصب کئے گئے، 25 سٹیشنز کو سیل کیا گیا اور 29 کو نوٹس جاری کئے گئے۔