لاہور میں فضائی تحفظ کیلئے وائلڈ لائف رینجرز کا گرینڈ آپریشن شروع
07-15-2025
(لاہور نیوز) لاہور ایئرپورٹ پر طیاروں کو پرندوں سے ٹکرانے کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر اہم اور مربوط اقدامات کا آغاز کر دیا گیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر وائلڈ لائف رینجرز پنجاب، ادارہ تحفظ ماحولیات، میونسپل کارپوریشن اور ایل ڈبلیو ایم سی سمیت متعدد محکموں نے فضائی حادثات کی روک تھام کے لیے مشترکہ کارروائیاں شروع کر دیں۔
وائلڈ لائف رینجرز پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سید کامران بخاری نے کہا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ کے اطراف آٹھ کلو میٹر کے دائرے کو ’’نو برڈ زون‘‘ قرار دیا گیا ہے، اس زون میں پرندوں کی افزائش اور موجودگی محدود کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر دو سے تین مقامات پر گھونسلے تلف کیے جا رہے ہیں جبکہ موبائل ٹاورز اور بجلی کے کھمبوں پر بنے گھونسلوں کو ختم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فضا میں پرندوں کی موجودگی کو کم کرنے کیلئے دیگر ذرائع پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، چیل گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف میونسپل کارپوریشن اور ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ لاہور کینال روڈ، سگیاں پل اور راوی پل جیسے حساس مقامات پر متعدد غیر قانونی گوشت فروشوں کو ہٹایا جا چکا ہے، ادارہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے گھروں کی چھتوں سے کبوتروں کے جال اور پنجرے ہٹانے کی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے۔