برطانیہ کی پاکستانی طلبہ، کھلاڑی، کاروباری و پیشہ ور افراد کیلئے ای ویزا سہولت متعارف
07-15-2025
(لاہور نیوز) برطانیہ نے پاکستانی طلبہ، کھلاڑیوں، کاروباری اور پیشہ ور افراد کے لئے ای ویزا سسٹم متعارف کرا دیا، آج سے برطانیہ کے لئے سٹڈی اور ورک ویزوں پر فزیکل ویزا سٹیکر کی ضرورت نہیں ہو گی۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانوی حکومت نے امیگریشن کا عمل ڈیجیٹل، محفوظ اور تیز تر بنا دیا ہے، اب برطانیہ کا ویزا آن لائن UKVI اکاؤنٹ کے ذریعے حاصل کیا جا سکے گا، نیا سسٹم وقت کی بچت اور سادہ عمل فراہم کرے گا۔ جین میریٹ نے بتایا کہ ای ویزا کے نفاذ سے امیگریشن سٹیٹس یا شرائط پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ای ویزا سکیم سٹوڈنٹس، گلوبل ٹیلنٹ، سپورٹس پرسن اور سکلڈ ورکرز کے لئے ہو گی، یوتھ موبیلٹی، ٹیمپریری ورک اور بزنس موبیلٹی ویزوں پر بھی ای ویزا لاگو ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نئے سسٹم کے تحت پاسپورٹ ہولڈرز اپنے ڈاکیومنٹس UKVI اکاؤنٹ سے منسلک کر سکیں گے، ویزا سٹیٹس پروف کرنے کے لئے آن لائن ویو اینڈ پروو سروس متعارف کرا دی۔ پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر نے واضح کیا کہ عام وزیٹر ویزہ، ڈپینڈنٹ ویزوں کے لئے اب بھی فزیکل سٹیکر ضروری ہو گا، پرانے فزیکل ویزا ہولڈرز کو کسی اضافی کارروائی کی ضرورت نہیں ہو گی۔