نجی سکول کے سوئمنگ پول میں طالبعلم ڈوب کر جاں بحق

07-15-2025

(لاہور نیوز) نجی سکول کے خیابان جناح کیمپس میں سوئمنگ پول میں ڈوب کر طالبعلم جاں بحق ہو گیا۔

13 سالہ سعد نجی سکول کے سوئمنگ پول تک کیسے پہنچا؟ سکول انتظامیہ لاعلم نکلی، ذرائع کے مطابق سعد نجی سکول کا طالبعلم نہیں تھا، اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ سوئمنگ کرنے گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بچہ کوچ کی موجودگی میں ہی بے ہوش ہو کر پانی میں ڈوب گیا، ابتدائی طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے اس کی حالت بگڑ گئی، بچے کو فوری طور پر ممتاز بختاور ٹرسٹ ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی طالبعلم کے والد جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ سکول میں نہ تو فرسٹ ایڈ کی سہولت موجود تھی اور نہ ہی بچے کو ہسپتال لے جانے کے لئے کوئی ایمبولینس یا گاڑی دستیاب تھی۔ سکول میں زیرِ تعلیم بچوں کے والدین کی جانب سے بھی واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔