لاہور پولیس کا جوئے کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 69 ملزمان گرفتار

07-15-2025

(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے جوئے کے اڈوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 69 ملزمان کو گرفتار کر کے 17 مقدمات درج کر لئے۔

کارروائیوں کے دوران داؤ پر لگی 2 لاکھ 67 ہزار روپے سے زائد رقم بھی برآمد کی گئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں شہر بھر میں مختلف مقامات پر کی گئیں، جن کا مقصد جوئے کے غیر قانونی دھندے کی سرکوبی اور ان کی سرپرستی کرنے والے عناصر کو قانون کی گرفت میں لانا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک لاہور پولیس نے جوئے کے خلاف 512 مقدمات درج کئے اور مجموعی طور پر 1981 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن سے 97 لاکھ 48 ہزار روپے سے زائد کی رقم برآمد کی گئی ہے۔ اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ  نے آن لائن جوئے کے خلاف بھی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، انہوں نے واضح کیا ہے کہ جوئے کے اڈوں کی پشت پناہی کرنے والے کسی بھی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ بلال صدیق کمیانہ  نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں ریکارڈ یافتہ اور مشتبہ افراد پر مسلسل نظر رکھیں اور قانون کی عمل داری ہر حال میں یقینی بنائیں۔