ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اور پولیس میں مذاکرات کامیاب، دھرنا مؤخر
07-15-2025
(لاہور نیوز) لاہور میں رات گئے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن اور پولیس کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے بعد مظاہرین نے اپنا دھرنا بدھ تک مؤخر کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔
پولیس نے مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کر کے مال روڈ چیئرنگ کراس کا علاقہ کلیئر کرا لیا، جہاں معمول کی ٹریفک بحال کر دی گئی۔ ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ ملک میں ایل پی جی حادثات کی بڑی وجہ غیر معیاری سلنڈرز کی فروخت ہے، جن پر فوری پابندی عائد کی جائے، حکومت اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ اگر بدھ تک ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے مذاکرات نہ ہوئے تو وہ دوبارہ دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔ پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر چیئرنگ کراس کا علاقہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے، تاہم سکیورٹی فورسز صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔