لاہور ہائیکورٹ کا نہر کنارے درختوں کی کٹائی پر پابندی کا حکم برقرار
07-14-2025
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ کا نہر کنارے درختوں کی کٹائی پر پابندی کا حکم برقرار، عدالت نے نیسپاک کو نہر کنارے ییلو لائن منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ آئندہ سماعت پر جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ دھواں دینے والے بھٹوں کو فوری سیل کرنے اور دوبارہ خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں کو بغیر نوٹس مسمار کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کے متعلق گزشتہ سماعت بارے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کر دیا، عدالتی تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درختوں کی کٹائی کسی منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ کا حصہ نہیں ہونی چاہیے۔ عدالت نے دھواں چھوڑنے والے بھٹوں پر کارروائی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات کے افسر عبدالقیوم کا تبادلہ شیخوپورہ سے راجن پور کرنے کا حکم دیا جبکہ موٹروے پولیس کو بھی بھٹوں کی نگرانی کی ہدایت کی۔ عدالتی فیصلہ میں کہا گیا کہ موٹروے پر ہرن مینار کے قریب بھٹے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں، دھواں دینے والے بھٹے فوراً سیل کیے جائیں اور دوبارہ خلاف ورزی پر بھٹے بغیر نوٹس کے مسمار کر دیئے جائیں۔ عدالتی فیصلہ میں مزید کہا گیا کہ ایم اے او کالج میں شجرکاری بارے پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، اس کیس کی مزید سماعت 28 جولائی کو ہو گی۔