لاہور ہائیکورٹ: 65 لاکھ روپے کے باؤنس چیک میں ملوث ملزم کی ضمانت منظور
07-14-2025
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 65 لاکھ روپے کا باؤنس چیک دینے میں ملوث ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
جسٹس عبہر گل نے ملزم فہیم شہزاد کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس کے موکل کیخلاف 65 لاکھ روپے کے تین چیک دینے کا الزام ہے جس پر کمالیہ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہائیکورٹ میں یہ تیسری درخواست ضمانت کیسے سنی جاسکتی ہے؟ وکیل نے کہا کہ پہلی درخواست ضمانت واپس لی گئی تھی، دوسری اس بنیاد پر خارج ہوئی کہ مقدمہ واپس لینے سے پہلے کچھ بحث کی گئی تھی، پہلے دو فیصلوں کیخلاف سپریم کورٹ گیا، اب سپریم کورٹ کے حکم پر ہائیکورٹ آیا ہوں، سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ پہلے فیصلوں کو مدنظر رکھے بغیر میرٹ پر فیصلہ کیا جائے۔ ملزم کے وکیل نے مزید کہا کہ اس جرم کی سزا زیادہ سے زیادہ تین سال ہے، ملزم چھ ماہ سے جیل میں ہے، سرکاری وکیل نے درخواست کی مخالفت کی، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔