خیبرپختونخواہ کی جو حالت ہے اسکو کسی سروے کی ضرورت نہیں: عظمیٰ بخاری

07-14-2025

(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کی حالت کسی سروے کی محتاج نہیں۔

عظمیٰ بخاری  نے بیرسٹر سیف کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ کی موجودہ حالت کسی سروے کی ضرورت نہیں رکھتی، صوبے کی حقیقی صورتحال ہر کسی پر عیاں ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جو لوگ کل تک گیلپ سروے کے نتائج پر بھنگڑے ڈال رہے تھے آج جب انہی کے خلاف وہی سروے آیا ہے تو انہیں برا لگ رہا ہے، گیلپ سروے خیبرپختونخواہ میں گزشتہ 12 برسوں کی جعلی تبدیلی کے منہ پر تھپڑ ہے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سروے کے مطابق خیبرپختونخواہ کے 73 فیصد عوام  نے گنڈا پور حکومت کی کارکردگی کو مسترد کرتے ہوئے اسے چارج شیٹ کیا ہے، جبکہ 71 فیصد شہریوں  نے مطالبہ کیا ہے کہ میگا پراجیکٹس میں ہونے والی مبینہ کرپشن کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کے اپنے ووٹرز بھی اب تسلیم کر چکے ہیں کہ خیبرپختونخواہ میں ترقیاتی فنڈز کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں،علی امین گنڈاپور اور ان کی کابینہ جب جی ٹی روڈ کے ذریعے پنجاب سے گزرتے ہیں تو خود دیکھتے ہیں کہ کس طرح صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری ہے۔ عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب نے میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کا عملی ماڈل پیش کیا ہے اور تمام چھوٹے بڑے منصوبے شفاف طریقے سے مکمل ہو رہے ہیں۔