نیلا گنبد میں زیرزمین پارکنگ پلازہ کی منظوری

07-12-2025

(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاہور کے گنجان آباد علاقے نیلا گنبد میں زیرزمین پارکنگ پلازہ کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق تین منزلہ زیرزمین پارکنگ پلازے کی تعمیر پر 2 ارب 24 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، منصوبہ 16 کنال اراضی پر محیط ہو گا، جس میں سے زمین کا بیشتر حصہ موجودہ پارک سے لیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت 374 گاڑیوں اور 790 موٹرسائیکلوں کی پارکنگ کی گنجائش رکھی گئی ہے، پارکنگ پلازہ "سٹیٹ آف دی آرٹ" ہو گا جہاں جدید خودکار پارکنگ مینجمنٹ سسٹم نافذ کیا جائے گا۔ منصوبے کی تعمیراتی ذمہ داری ٹیپا کو سونپی گئی ہے جبکہ لینڈ سکیپنگ اور نیلا گنبد کی بحالی کا کام والڈ سٹی اتھارٹی انجام دے گی، پارکنگ پلازہ کے قیام سے نیلا گنبد، نئی انارکلی اور گرد و نواح کے کاروباری افراد کو نمایاں ریلیف ملے گا کیونکہ سڑکوں پر پارکنگ کا دباؤ کم ہو جائے گا۔ یہ منصوبہ حالیہ پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں لوکل گورنمنٹ کے پیش کردہ پلان کے تحت منظور کیا گیا، حکام کے مطابق پارکنگ پلازہ نہ صرف ٹریفک کا نظام بہتر بنائے گا بلکہ شہریوں کو ایک منظم اور محفوظ پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔