سیکرٹری داخلہ پنجاب سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

07-09-2025

(لاہور نیوز) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں پنجاب میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ تربیت اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ پنجاب حکومت ٹیکنالوجی کی مدد سے پورے صوبے کو زیادہ محفوظ بنانے کیلئے جامع اقدامات کر رہی ہے، کچے کے علاقوں میں جرائم کے خاتمے کیلئے پے لوڈ ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز فراہم کئے جا چکے ہیں، جبکہ بین الصوبائی سرحدوں پر 14 جدید چیک پوسٹس قائم کی جا رہی ہیں تاکہ بین الصوبائی جرائم کی روک تھام کی جا سکے۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ سول ڈیفنس بم ڈسپوزل سکواڈ کو جدید روبوٹس سے لیس کیا جا رہا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ماڈرن آلات بھی فراہم کئے گئے ہیں، مجرمان کا ڈیٹا آن لائن کر دیا گیا ہے تاکہ جرائم پر بروقت قابو پایا جا سکے۔ امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز  نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت اور ٹیکنالوجی کی فراہمی میں جاری تعاون پر روشنی ڈالی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ سکیورٹی کے میدان میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی  نے بتایا کہ جیل اصلاحات کے حوالے سے بھی مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں، اسیران کو تکنیکی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد معاشی خودکفالت کے ذریعے معاشرے کا مفید حصہ بن سکیں۔ انہوں  نے مزید کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے میں امن کمیٹیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تحسین رہا، دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل ہو رہا ہے اور عوامی آگاہی مہم کے ذریعے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن اور ایڈیشنل سیکرٹری پولیس بھی شریک ہوئے۔