ایم ڈی واسا کے نشیبی علاقوں کے دورے، نکاسی آب آپریشن کا معائنہ کیا

07-08-2025

(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے بعد ایم ڈی واسا غفران احمد نے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے عمل کا جائزہ لیا۔

انہوں نے لبرٹی چوک اور لکشمی چوک میں قائم مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپس کا معائنہ کیا اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے نکاسی آب آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ نکاسی آب کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور مشینری و عملہ پانی کے آخری قطرے کی نکاسی تک فیلڈ میں متحرک رہے گا، نشیبی علاقوں میں پانی کے جلد از جلد اخراج کو یقینی بنانے کے لئے ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔ ادھر شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور نکاسی آب کے عمل میں ادارے سے تعاون کریں۔