مرغی کا گوشت 495 روپے فی کلو، انڈے بھی مزید مہنگے
07-08-2025
(لاہور نیوز) شہر میں برائلر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ انڈے، سبزیاں اور پھل بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہونے لگے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 495 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 14 روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ہول سیل ریٹ 328 روپے اور پرچون ریٹ 342 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔ ادھر فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی ایک روپے فی درجن اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی درجن انڈے 250 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، مارکیٹ ذرائع کے مطابق انڈوں کی کھپت کے مقابلے میں سپلائی متاثر ہوئی ہے جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا، فارمی انڈوں کی ایک پیٹی 7 ہزار 380 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ مہنگائی کا جن سبزی اور پھلوں کی قیمتوں پر بھی پوری طرح حاوی ہو چکا ہے، ادرک 580 روپے، لہسن 350 روپے، لیموں 400 روپے، ٹماٹر 150 روپے اور پیاز 70 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں، ٹینڈے 400 روپے، بھنڈی 200، کریلے 160 اور آلو 130 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔ پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جامن 400 روپے، آم (سندھڑی) اور آڑو 350 روپے، جبکہ گرما 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹ کنٹرول میکنزم کو فعال بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ روزمرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام آ سکے۔