ڈپٹی کمشنر لاہور کا گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کا حکم

07-07-2025

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے شہر میں گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا حکم دے دیا۔

اپنے ایک بیان میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا  نے کہا کہ عوامی استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، قانون سب کیلئے برابر ہے اور گرانفروشوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہو چکے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر بازاروں میں سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں۔ ڈی سی لاہور  نے بتایا کہ آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت 20 اہم سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے جبکہ سیب، کیلا، آم، آڑو، کھجور اور خربوزے کی قیمتیں بھی قابو میں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو روزانہ مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ کارروائیوں میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔ سید موسیٰ رضا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرانفروشی یا کسی بھی قسم کے استحصال کی صورت میں فوری طور پر کنٹرول روم نمبر 03070002345 پر شکایت درج کرائیں یا ڈپٹی کمشنر لاہور کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رابطہ کریں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ہر شکایت کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔