محرم الحرام کے پُرامن انعقاد پر مریم نواز کی وزرا ، اداروں سمیت تمام ٹیم کو شاباش

07-06-2025

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کا مرحلہ مکمل ہو گیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بہترین انتظامات پر وزراء اور اداروں سمیت تمام ٹیم کوشاباش دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انتظامات کے لحاظ سے بہترین،پُرامن ترین محرم منعقدہوا۔ وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری ہوم پنجاب، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، پی ٹی اے سمیت تمام اداروں انٹیلی جنس ایجنسیوں اور ضلعی انتظامیہ کے علاوہ پولیس، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، رینجرز کے افسروں اور جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ مریم نواز  نے محرم کے انتظامات میں تعاون پر امن کمیٹیوں، علماءکرام اور عزاداران حسین سے بھی اظہار تشکر کیا۔ دوسری جانب سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے دیگروزراء کے ہمراہ مرکزی جلوس کاجائزہ لیا، اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے پنجاب بھر کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ مریم اورنگ زیب نے کہا کہ الحمدللہ تمام اضلاع میں جلوس کے راستوں کی بروقت مرمت کی گئی جبکہ سبیلوں سمیت عارضی طبی مراکز قائم کئےگئے تھے۔