شہدائے کربلا نے صبر، قربانی اور عدل کی عظیم اور ابدی مثال قائم کی: گورنر پنجاب
07-06-2025
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا نے صبر، قربانی اور عدل کی عظیم اور ابدی مثال قائم کی ۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہدائے کربلا نے صبر، قربانی اور عدل کی عظیم اور ابدی مثال قائم کی، واقعہ کربلا کے بعد دو ہی فرقے بچے ہیں ایک حسینی اور دوسرا یزیدی، ہمیں فخر ہونا چاہیے کہ ہم سب حسینی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء نے یزیدیت کو للکارا اور حق کی خاطر اپنی جان دے دی لیکن باطل کے آگے سر نہیں جھکایا،اہل بیت کی عظیم قربانی کو رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ حضرت امام حسینؓ کا پیغام کسی ایک مسلک یا گروہ کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے، ہمیں فرقہ واریت سے گریز اور اپنی صفوں میں اتحاد رکھنا ہے ۔ علاوہ ازیں گورنرپنجاب گورنر سردار سلیم حیدر خان نے تلہ گنگ شہر میں 10ویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس میں شرکت کی اورسکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے تلہ گنگ شہر کی امام بارگاہوں کا بھی دورہ کیا۔ گورنر سردار سلیم حیدر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی قربانی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، اہل بیت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد رکھنا ہے، آج پوری انسانیت بلا رنگ و نسل اور بلا مذہبی تفریق غم حسین میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بے پناہ محنت سے عاشورہ کے جلوس امن و امان سے اپنی منزلوں کی طرف رواں دواں ہیں، میں خود مجالس اور جلوسوں میں جارہا ہوں اور انتظامات دیکھ رہا ہوں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی پوری ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے کہ جنہوں نے محرم الحرام میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے،وزیر داخلہ محسن نقوی کو یہ کریڈٹ بھی جاتا ہے کہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی بندش نہیں کی گئی اور امن امان بھی برقرار ہے۔