نواسہ رسولؐ کی جدوجہد ظلم و جبر کیخلاف سینہ سپرہونے کا ابدی پیغام ہے: مریم نواز
07-06-2025
(لاہور نیوز) ’’شاہ است حسینؓ …… بادشاہ است حسینؓ“ ، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حضرت امام حسینؓ اوران کے جلیل القدر رفقاء کو سلام پیش کرتے ہیں، نواسہ رسول ﷺ کی جدوجہد ظلم اور جبر کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم عاشورہ پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ اہل بیت سے محبت ہر مسلمان کے عقیدے اور ایمان کا جز ہے، حضرت امام حسینؓ کی شہادت نے امر کردیا کہ تخت و تاج فانی ہے اصول اور ایمان باقی ہیں ، شہادت حسینؓ محض رنج و الم کا استعارہ نہیں بلکہ تحریک حیات ہے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ حسنؓ او رحسینؓ حضرت محمد ﷺ کے دو پھول ہیں ،حضرت امام حسینؓ کی جدوجہد کا بنیادی ہدف ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف سینہ سپر ہونے کے شعور کو بیدار کرنا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی تاریخ عالم کا درخشاں باب ہے، شہدا کربلا کی یاد تاابد مظلوم قوموں کو حوصلہ اورولولہ عطا کرتی رہے گی ، مٹانے والے خود مٹ گئے،حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھی ہمیشہ کے لئے امر ہوگئے۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت کی صدائے انقلاب ہر دور میں بلند ہوتی رہی ہے اور ہوتی رہے گی ، نواسہ رسول ﷺ کی جدوجہد ظلم اور جبر کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم عاشور پر ہمیں حضرت امام حسینؓ کی درخشاں تعلیمات کے مطابق عمل پیرا ہونے کا اعادہ بھی کرنا ہے، واقعہ کربلا حق گوئی اورظلم کے خلاف آواز کی جرات کی ترغیب دیتا ہے، محرم الحرام ہمیں انفرادی اصلاح، اجتماعی فلاح اور باہمی اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔