لاہور: پہلا انٹرنیشنل گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے کھلاڑی انتقال کر گئے
07-03-2025
(لاہور نیوز) پاکستان میں پہلا انٹرنیشنل گولڈ میڈل لانے والے سینئیر سپورٹس مین آج سو سال کی عمر میں قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے، ان کی نماز جنازہ باٹا پور لاہور میں ادا کی جائے گی۔
پاکستان کیلئے بین الاقوامی کھیلوں میں پہلا گولڈ میڈل دین محمد پہلوان لائے تھے، دین محمد پہلوان کے بیٹے نے بتایا ہے کہ آج دین محمد پہلوان قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ دین محمد نے 1955 میں ایشین گیمز میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل دلوایا تھا، یہ کسی بھی انٹرنیشنل سپورٹس ایونٹ میں پاکستان آنے والا پہلا گولڈ میڈل تھا، دین محمد کی عمر اس سال فروری میں سو سال ہو گئی تھی۔ صدر پنجاب ریسلنگ ایسوسی ایشن چوہدری ارشد ستار اور صدر لاہور ریسلنگ ایسوسی ایشن مہر اکرم عرف کالا پہلوان نے تعزت کا اظہار کیا ہے۔ ڈی جی سپورٹس اور صوبائی وزیر کھیل کا اظہارِ افسوس ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ ریسلر دین محمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دین محمد پاکستان کے پہلے ایشین گولڈ میڈلسٹ تھے، سپورٹس میں انکی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بھی دین محمد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ ریسلر دین محمد کی ملک کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔