اپنی چھت، اپنا گھر منصوبہ، پنجاب میں 50 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل

07-02-2025

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز کا اپنی چھت، اپنا گھر منصوبہ کامیابی کی نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔

پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ محض چند ماہ کی قلیل مدت میں 50 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل کر لی گئی، جبکہ مجموعی طور پر 57 ارب 90 کروڑ روپے کے قرضے مستحق افراد کو فراہم کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لوگوں  نے صرف جھوٹے نعرے لگائے، ہم  نے عوام کیلئے حقیقت میں گھر بنا کر دکھائے، یہ منصوبہ ہر شہری کو باعزت زندگی کا حق دینے کا وعدہ ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف بے گھر افراد کو چھت فراہم کر رہا ہے بلکہ روزگار، مقامی معیشت کی بہتری اور تعمیراتی صنعت کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔