پیپلزپارٹی کا سوات واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ
07-01-2025
(لاہور نیوز) پیپلزپارٹی نے سوات واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ڈسکہ پہنچ گئے، سانحہ سوات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا، گورنر کے پی نے علی امین گنڈاپور کیخلاف سوات واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔ گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا سوات سانحہ پر بیان افسوسناک ہے، کے پی حکومت کی نالائقی کی وجہ سے انسانی جانیں ضائع ہوئیں، حکومت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے، بروقت امدادی کارروائیوں سے انسانی جانوں کو بچایا جاسکتا تھا۔ سلمان اکرم راجہ بھی پی ٹی آئی وفد کے ہمراہ ڈسکہ پہنچ گئے، لواحقین سے سانحہ سوات پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سوات سانحہ پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس معاوضہ دیا جائے گا۔