وزیراعظم شہبازشریف کا بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان

06-29-2025

(لاہورنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پاور سمارٹ موبائل ایپ ’’ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘‘ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، موبائل ایپ کا مقصد میٹر ریڈنگ کے نظام میں شفافیت اور اووربلنگ کا خاتمہ ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ منصوبے کا باضابطہ اجراء باعث اطمینان ہے، یہ اقدام شہریوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرنا ہے، میٹر ریڈنگ سے متعلق بہت شکایات موصول ہو رہی تھیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات اہم ترجیح تھی۔ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات انتہائی اہم مرحلہ تھا، انتھک محنت سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی کوششیں کامیاب ہوئیں، اصلاحات کا عمل آگے بڑھانے کیلئے وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹر ریڈنگ سے متعلق بہت شکایات موصول ہو رہی تھیں، کرپٹ مافیا کے خلاف مضبوطی کے ساتھ اقدامات کئے۔ تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی کی فیس ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم نے وہ طریقے ڈھونڈے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ نہ کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی آئی پی پیز کے ساتھ بیٹھ کر مثبت گفتگو کی جو بہت دشوار مرحلہ تھا، بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات اہم ترجیح تھی، انتھک محنت سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی کوششیں کامیاب ہوئیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بجلی کے شعبے میں منتقل کیا گیا، توانائی کے شعبے میں بجلی چوری اہم مسئلہ ہے، سالانہ 500 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے، ہمیں تیزی سے بجلی کی چوری کو روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی بجلی حاصل کرنے کا سستا ذریعہ ہے، پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں برق رفتاری سے تیزی سے سولرائزیشن ہو رہی ہے، جس کی حوصلہ شکنی نہیں کروں گا، حکومتی اداروں میں جو بجلی پیدا ہوتی ہے اس کی کھپت کم ہے، ہمیں اس کا حل ڈھونڈنا ہے تاکہ پاکستان میں خوشحالی کا سفر تیزی سے طے ہو۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ کا اصل فائدہ عام صارف کو ہے، یہ ریفارم ایک انقلابی ٹیکنالوجی ریفارم ہے، چاہوں کا اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپ کو پشاور سے کراچی تک گھر گھر متعارف کرائیں، وزیر توانائی اس ایپ میں مزید جدت پیدا کریں، اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپ کو 5 زبانوں میں متعارف کرایا گیا ہے۔