یمنیٰ زیدی کی فلم "نایاب" ایس سی او فلم فیسٹیول میں مقابلے کیلئے منتخب
06-29-2025
(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی اور اداکار اوسامہ خان کی فلم "نایاب" کو شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) فلم فیسٹیول 2025 میں باقاعدہ طور پر مقابلے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کےمطابق یہ فیسٹیول شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ سربراہی اجلاس کا حصہ ہے، جو مختلف ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں اور فلمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔فلم "نایاب" کو اس اعزاز کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کا موقع ملا ہے، جو پاکستانی سینما کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ اس انتخاب کو پاکستانی فلم انڈسٹری کے معیار اور تخلیقی صلاحیتوں کا اعتراف سمجھا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ SCO فلم فیسٹیول میں رکن ممالک کی فلموں کو پیش کیا جاتا ہے، جہاں مختلف ثقافتوں کو اجاگر کرنے والی فلموں کے درمیان مقابلہ ہوتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی فلمیں بین الاقوامی ناظرین تک رسائی حاصل کرتی ہیں اور عالمی سطح پر اپنی شناخت بناتی ہیں۔ یمنیٰ زیدی کی یہ فلم اس سے قبل بھی کئی ایوارڈز اپنے نام کرچکی ہے۔ فلم نایاب کو فرانس میں ہونے والے ’ورلڈ کانز فلم فیسٹیول‘ میں بھی مئی 2024 میں دو ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔