آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے بیمار بچوں کیلئے فنڈز جاری کر دیئے

06-28-2025

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے اپنے فرض شناس ملازمین کے بچوں کی صحت اور علاج معالجے کیلئے اہم قدم اٹھا لیا۔

پنجاب پولیس  نے مختلف اضلاع میں تعینات اہلکاروں کے بچوں کیلئے 33 لاکھ 75 ہزار روپے کے امدادی فنڈز جاری کر دیئے ہیں، یہ فنڈز ان اہلکاروں کو فراہم کئے گئے ہیں جن کے بچے سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی مکمل سکروٹنی اور منظوری کے بعد یہ رقم جاری کی تاکہ شدید بیماریوں میں مبتلا بچوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اے ایس آئی ثمر اقبال کو بیٹی کی کوکلیئر امپلانٹ سرجری کیلئے 16 لاکھ 60 ہزار روپے فراہم کئے گئے، کانسٹیبل عمر صادق کو بیٹے کے دل کے علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے دیئے گئے، کانسٹیبل جنید اقبال کو بیٹے کے بلڈ کینسر کے علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے دیئے گئے۔ اس کے علاوہ کانسٹیبل نوید اللہ خان کو بیٹے کے بون میرو علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے جاری کئے گئے، کانسٹیبل غلام شاہد خان کو بیٹے کی ہارٹ سرجری کیلئے 2 لاکھ روپے فراہم کئے گئے، ہیڈ کانسٹیبلز کاظم علی شاہ، محمد جاوید اور کانسٹیبل مہر امجد علی کو بچوں کے علاج معالجے کیلئے 1 لاکھ روپے فی کس کی منظوری دی گئی۔ آفس سپرنٹنڈنٹ خالد حبیب، انسپکٹر محمد سلیم، ٹیکنیکل آفیسر قاسم علی اور خاکروب ناصر محمود کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 40 ہزار روپے دیئے گئے، اے ایس آئیز راشد تیمور، آصف محمود اور مالی جسارت خان کو بچوں کے علاج کیلئے 2 لاکھ 25 ہزار روپے دیئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے شب و روز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کے اہل خانہ، خصوصاً بچوں کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، صحت کی سہولیات کی بروقت فراہمی اس یقین کو مضبوط بناتی ہے کہ پنجاب پولیس اپنے جوانوں اور ان کے خاندانوں کا پورا خیال رکھتی ہے۔