ایوان میں ہلڑبازی: پنجاب اسمبلی کے 26 ارکان معطل
06-28-2025
(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے 26 ارکان اسمبلی کو معطل کر دیا۔
26 ارکان کو پندرہ اجلاسوں کے لیے اسمبلی کی کارروائی سے معطل کیا گیا ہے۔ اپوزیشن اراکین پر قواعد کی سنگین خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایوان میں ہلڑ بازی، ایجنڈا پیپرز پھاڑنے، نعرے بازی کرنے پر سپیکر نے رول 210 کے تحت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔ سپیکر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایوان کی حرمت اور نظم و ضبط ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا،معطل ارکان میں پی پی 13، پی پی 19، پی پی 24 سمیت کئی حلقوں کے ایم پی ایز شامل ہیں، معطل اراکین پر شور شرابے، غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے اور دستاویز پھاڑنے کے الزامات ہیں۔ سپیکر کے مطابق قواعد 223، 210 کی خلاف ورزی کی گئی۔ کارروائی کا باضابطہ حکم 27 جون 2025 کو جاری ہوا۔ معطل اراکین کے خلاف رولز کی شق 223(c)، (f)، (h)، (i) کی خلاف ورزی کا الزام ہے، ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے معطل ہونے والے 26 ارکان میں ملک فہد مسعود ، محمد تنویر اسلم ،سید رفعت محمود ، یاسر محمود قریشی ،کلیم اللہ خان ، محمد انصر اقبال ، علی آصف ،ذوالفقار علی ، احمد مجتبیٰ چوہدری اور شاہد جاوید شامل ہیں۔ محمد اسماعیل ، خیال احمد ، شہباز احمد ، طیب رشید ، امتیاز محمود ، علی امتیاز ،رشید طفیل ،رائے محمد مرتضیٰ اقبال ، خالد زبیر نثار ، چودھری محمد اعجاز شفیع ، ایمان کنول ، محمد نعیم ، سجاد احمد ، رانا اورنگ زیب ، شہباز امیر اور اسامہ اصغر علی گجر کو بھی معطل کیا گیا ہے۔