ٹیکس کلیکشن کیلئے ایف بی آر دفاتر پیر رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے

06-28-2025

(لاہور نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر میں ٹیکس کلیکشن کے عمل کو حتمی مرحلے میں تیز کرنے کیلئے تمام متعلقہ دفاتر 30 جون بروز پیر رات 12 بجے تک کھلے رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق 28 جون (آج)، 29 جون (اتوار) اور 30 جون (پیر) کے دوران ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس، ڈرائی پورٹس، کسٹمز دفاتر، ان لینڈ ریونیو اور انکم ٹیکس کلیکشن دفاتر میں چوبیس گھنٹے عملہ موجود رہے گا تاکہ سالانہ ریونیو اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر  نے تمام افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ ٹیکس کولیکشن کے مقررہ اہداف ہر صورت پورے کئے جائیں، بصورت دیگر جولائی میں کارکردگی کی بنیاد پر سخت ایکشن لیا جائے گا، جس میں ناقص کارکردگی کے حامل افسران کو عہدوں سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ملک کی تمام ڈرائی پورٹس پر بھی دفاتر کھلے رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ تمام چیف کلکٹرز، کلکٹرز اور ایڈیشنل کلکٹرز کو تینوں دن باقاعدہ شیڈول کے مطابق دفاتر میں موجود رہنے کا پابند بنایا گیا ہے۔