پنجاب : بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق

06-28-2025

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں حالیہ موسلا دھار بارشوں اور آندھی کے نتیجے میں مختلف حادثات رونما ہوئے، جن کی تفصیلات پی ڈی ایم اے نے جاری کر دی ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 25 جون سے 27 جون 2025 کے دوران مختلف شہروں میں مجموعی طور پر 25 حادثات رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان حادثات میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 39 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زیادہ تر ہلاکتیں چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث ہوئیں، جس کے مجموعی طور پر 28 واقعات ریکارڈ پر آئے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بہاولنگر، فیصل آباد، اور خانیوال سمیت دیگر اضلاع میں بھی نقصان دہ حادثات رپورٹ ہوئے ہیں، اتھارٹی نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کرنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔