لاہور میں ہونے والی پہلی بارش سے لیسکو کے انتظامات درہم برہم

06-27-2025

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پہلی بارش کے بعد لیسکو کا نظام درہم برہم ہو گیا، متعدد علاقے بجلی سے محروم رہے۔

بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کر گئے اور درجنوں ٹرانسفارمر جل گئے۔ ذرائع کے مطابق فنی خرابیوں اور ٹرانسفارمرز جلنے کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی، متاثرہ علاقوں میں تاجپورہ، مزنگ، منصورہ، ضرار شہید روڈ، داروغہ والا، عامر ٹاؤن اور کاہنہ کے مختلف محلے شامل ہیں، جہاں شہری شدید گرمی اور اندھیرے میں محصور ہو کر رہ گئے۔ لیسکو حکام کی جانب سے ٹرپ ہونے والے فیڈرز تو بحال کر دیئے گئے ہیں، تاہم ٹرانسفارمرز کی خرابی اور انفرادی صارفین کی شکایات تاحال حل نہیں ہو سکیں، شہریوں نے لیسکو انتظامیہ کی نااہلی پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ایک ہلکی بارش میں ہی بجلی کا نظام مفلوج ہو جائے تو مون سون کے دوران کیا حالات ہوں گے؟ لیسکو کی ناقص منصوبہ بندی اور بروقت مرمت نہ ہونے کی وجہ سے معمولی بارش بھی شہریوں کیلئے بڑی پریشانی کا سبب بن گئی ہے۔