محرم الحرام میں سوشل میڈیا پوسٹس مانیٹر کی جائیں گی، ڈرونز چلانے کی اجازت نہیں، عظمیٰ بخاری
06-26-2025
(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ محرم الحرام میں نفرت انگیز مواد اور سوشل میڈیا پوسٹس کو مانیٹر کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں رواداری اور امن قائم رکھنا بہت ضروری ہے، ڈرونز چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، امن وامان کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی شرپسندی برداشت نہیں کی جائے گی، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے رینجرز اور فوج کو طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ محرم الحرام کی تیاریاں گزشتہ 10 دنوں سے تیزی سے جاری ہیں اور حکومت نے اس بار سکیورٹی کے حوالے سے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں، پچھلی بار بھی چند شرپسند عناصر کی فوری سرکوبی کی گئی تھی اور اس بار بھی شرپسندوں پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر صوبے بھر میں 38 ہزار سے زائد مجالس اور 9 ہزار سے زائد جلوس نکالے جائیں گے، جن کی سکیورٹی کیلئے 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کئے جا رہے ہیں، جبکہ 35 ہزار رضا کار بھی معاونت کیلئے موجود ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈبل سواری پر دفعہ 144 نافذ کی جا رہی ہے، خلاف ورزی کی صورت میں فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، سوشل میڈیا پر بھی سائبر سکیورٹی کی ٹیمیں نگرانی کریں گی اور کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہو گی۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے مطابق ہوٹل آئی اور ٹریول آئی ایپس کو فعال انداز میں استعمال کیا جائے گا تاکہ مشکوک سرگرمیوں پر فوری ایکشن لیا جا سکے، پنجاب کے پاس پہلے سے ہی اینٹی ڈرون سسٹم موجود ہے جو محرم الحرام کے دوران فعال رہے گا۔ عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ جلوسوں کے راستوں پر ٹھنڈے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا جبکہ عاشورہ کے جلوسوں کے ساتھ “کلینک آن ویلز” کے فیلڈ ہسپتال بھی موجود ہوں گے، ٹریفک کی روانی کیلئے 24 گھنٹے پہلے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی جائے گی۔