بارش کے باعث شہر میں بجلی کی بندش، 220 سے زائد فیڈرز ٹرپ

06-26-2025

(لاہور نیوز) شہر میں ہونے والی شدید بارش نے لیسکو کے بجلی کے ترسیلی نظام کو شدید متاثر کیا، 220 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

فیڈرز کی ٹرپنگ اور تکنیکی خرابیوں کے باعث شہر  کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ متاثرہ علاقوں میں گلشن راوی، سمن آباد، قلعہ گجر سنگھ، سنگھ پورہ، شالیمار، باغبانپورہ، مصطفیٰ آباد اور شاد باغ شامل ہیں جہاں شہری کئی گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہیں۔ اسی طرح بادامی باغ، داتا دربار، والٹن روڈ، بھٹہ چوک، شاہدرہ اور امامیہ کالونی کے متعدد علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ شہریوں  نے بجلی کی طویل بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور بجلی کی جلد بحالی کا مطالبہ کیا ہے، شہریوں کو نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث پانی کھڑا ہونے سے مزید مشکلات کا سامنا ہے۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور متاثرہ فیڈرز کی بحالی کا کام جاری ہے، تاہم مکمل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔