معاون خصوصی سلمیٰ بٹ کا ٹولنٹن مارکیٹ کا دورہ، پولٹری منڈی کے انتظامات کا جائزہ
06-25-2025
(لاہور نیوز) معاونِ خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ نے لاہور کی تاریخی ٹولنٹن مارکیٹ میں قائم پولٹری منڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے پولٹری کی نیلامی (آکشن)، سلاٹرنگ اور سپلائی کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا اور انتظامی امور کا بغور مشاہدہ کیا۔ دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ ٹولنٹن مارکیٹ کی تعمیر نو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے نہ صرف اس تاریخی اثاثے کو محفوظ بنایا گیا بلکہ مارکیٹ میں موجود 187 دکانداروں کو بہتر کاروباری ماحول، صفائی ستھرائی اور جدید سہولیات سے آراستہ پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں صحت و صفائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کیلئے جدید پولٹری سلاٹرنگ ہاؤس کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی، جس کی نگرانی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب خود کریں گی۔ سلمیٰ بٹ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اور مارکیٹوں میں شفافیت و نظامت کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔