بانی پی ٹی آئی کو اسکی بہن اور پارٹی نے ہی مائنس کر دیا: عظمیٰ بخاری
06-25-2025
(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اسکی بہن اور پارٹی نے ہی مائنس کر دیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ان کی اپنی پارٹی اور بہن علیمہ خان نے مائنس کر دیا ہے، قدرت کا انتقام دیکھیں، جو نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے آیا تھا، وہ خود گھر سے اور پارٹی سے باہر ہو گیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ علیمہ خان مسلسل خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں اور آج خود علی امین نے بھی ان سازشوں کا کھلے عام اظہار کیا ہے، اگر علی امین گنڈاپور صوبے کا بجٹ منظور نہ کرواتے تو آئینی طور پر ان کی برطرفی یقینی تھی۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ علیمہ خان گروپ اور پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ونگ علی امین کے خلاف منفی مہم چلا رہا ہے جو پارٹی میں جاری اندرونی اختلافات کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اس وقت وفاق میں تین گروپوں میں بٹی ہوئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی علیحدہ تین دھڑے کام کر رہے ہیں، ایک گروپ جنید اکبر کی قیادت میں ہے، دوسرا عاطف خان کے زیرِ اثر ہے، جبکہ تیسرا گروہ پارٹی کے باغیوں پر مشتمل ہے۔ وزیر اطلاعات نے خیبرپختونخوا کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ گزشتہ 12 سال سے ریلو کٹوں اور کرپٹ ٹولے کے رحم و کرم پر ہے، اس کے برعکس پنجاب اس وقت میرٹ، گڈ گورننس اور شفافیت میں دیگر تمام صوبوں کیلئے رول ماڈل ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز اپنی کارکردگی کے لحاظ سے تمام وزرائے اعلیٰ میں سرفہرست ہیں۔