دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ، ہزاروں لٹر ملاوٹی دودھ تلف
06-25-2025
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دودھ بردار گاڑیوں کی سخت چیکنگ کرتے ہوئے ہزاروں لٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران لاہور میں داخل ہونے والی دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی، جس کے نتیجے میں 4 لاکھ 94 ہزار لٹر دودھ کی جانچ پڑتال کی گئی، اس دوران 3 ہزار 600 لٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق تلف کیا گیا دودھ لاہور کی مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سپلائی کیا جانا تھا، لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران دودھ میں قدرتی چکنائی کی مقدار کم پائی گئی، جبکہ پانی کی ملاوٹ واضح طور پر ثابت ہوئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملاوٹ مافیا کو کوئی رعایت نہیں، روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشتبہ خوراک یا دودھ کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ صحت عامہ کو محفوظ بنایا جا سکے۔