شوگر ایڈوائزری بورڈ کی پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری

06-24-2025

(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے ملک میں چینی کی ممکنہ قلت اور قیمتوں میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

شوگر ایڈوائزری بورڈ کی حالیہ میٹنگ میں اس فیصلے پر اتفاق کیا گیا، حکام  کے مطابق چند روز میں درآمدی چینی سے متعلق رسمی کارروائیاں مکمل کر لی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں چینی کی طلب و رسد میں توازن قائم رکھنا اور مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم کرنا ہے۔ وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں چینی کی سپلائی میں کمی کا سامنا ہے اور ذخیرہ اندوزی کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں، ایسے حالات میں چینی کی درآمد ناگزیر ہو چکی تھی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔