مہنگائی کا جن بے قابو، سرکاری نرخوں میں سبزیاں اور پھل مہنگے

06-24-2025

(لاہور نیوز) مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا، سرکاری نرخوں میں سبزیاں اور پھل مزید مہنگے ہو گئے۔

 برائلر مرغی، انڈے، سبزیاں اور پھل عوام کی پہنچ سے باہر ہونے لگے، برائلر گوشت کی قیمت میں مزید 14 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی کلو قیمت 417 روپے تک جا پہنچی ہے۔ زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 10 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، ہول سیل نرخ 274 روپے اور پرچون ریٹ 288 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ فارمی انڈوں کی قیمت بدستور 244 روپے فی درجن پر برقرار ہے، جبکہ ایک پیٹی کی قیمت 7,200 روپے تک جا پہنچی ہے۔ دوسری جانب مہنگائی مافیا سبزیوں اور پھلوں کے نرخوں کو آسمان پر  لے گیا، پرائس کنٹرول کمیٹی کی تمام کارروائیاں بے اثر ہو گئیں، سرکاری نرخ نامے کے مطابق 5 سبزیاں اور 2 پھل مزید مہنگے کر دیئے گئے ہیں۔ سبزیوں کے نرخ میں ادرک 680 روپے فی کلو، لیموں 500 روپے، لہسن 350 روپے، ٹماٹر 100 روپے اور ٹینڈے 250 روپے، شملہ مرچ 160 روپے، کریلے، بینگن، آلو 100 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔ پھلوں میں جامن 450 روپے فی کلو، فالسہ 350 روپے، خوبانی، آڑو 320 روپے، آم (سندھڑی) 270 روپے میں بک رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومتی کنٹرول نہ ہونے کے برابر ہے، قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جبکہ آمدنی وہی ہے۔ ایک صارف نے شکوہ کرتے ہوئے کہا عید کے بعد سے ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے، نہ گوشت خرید سکتے ہیں، نہ پھل اور سبزیاں۔